0

ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں تحریر کامران مرتضی

کسی بھی قوم کا سرمایہ اس کے نوجوان ہوتے ہیں۔ اور پاکستان میں اللہ کے فضل و کرم سے نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد موجودہے۔ ایک اندازے کے مطابق 60 فیصد سے زائد نوجوان اس وقت پاکستان میں موجود ہیں۔ اس بات کو دیکھتے ہوئے پچھلے الیکشن میں تمام پارٹیز نے نوجوانوں کو بہت سنہری خواب دکھائے، ان کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا اور نوجوانوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے بے شمار وعدے کیےتا کہ الیکشن میں اپنی فتح یقینی بنائی جا سکے.
قائداعظم محمدعلی جناح نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
” میں آپ لوگوں کی طرح جوان نہیں ہوں لیکن آپ کے جوش و جذبے نے مجھے بھی جوان کر رکھا ہے۔
آپ کے ساتھ نے مجھے مضبوط بنا دیا ہے ہے۔”
اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کے لیے کتنی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔نوجوان نسل ہماری قوم کا آنے والا مستقبل ہیں اور اگر قوم کے مستقبل کی سمت درست نہ ہو سکی، ان میں خود اعتمادی نہ پیدا کی جا سکی، ان کی صلاحیتوں کو بروقت بروئے کار نہ لایا جا سکا اور ان کی رہنمائی نہ کی گئی تو خدشہ ہے کہ قوم کبھی ترقی نہ کر سکے گی۔
ہمارے ملک میں یہ حالات ہیں کہ نوجوان بے روزگار پھر رہے ہیں ہاتھوں میں ڈگری اٹھائے دربدر نوکری کی تلاش میں خوار ہو رہے ہیں۔
حکمرانوں نے کبھی یہ جاننے اور سمجھنے کی زحمت ہی گوارا نہیں کی ہے کہ اس ملک کے نوجوان کس حالت میں ہیں اور ان کا مستقبل کیا ہے؟
کیا وہ اپنی منزل کی طرف گامزن ہیں یا راستہ بھٹک گئے ہیں؟
بہت سارے نوجوان جو ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا رہے ہیں۔ ان میں ایک بڑی تعداد اُن نوجوانوں کی ہے جن کو اپنے ملک میں نوکری ملنا مشکل ہو گئی ہے۔ یعنی یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی مٹی سے دُور جانا نہیں چاہتے، مگر حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں۔
ہمارے ملک میں ایسی کوئی پالیسی نہیں ہے کہ جو نوجوانوں کی تعلیم اور نوکری کے حصول کے فاصلے کو کم کر سکے۔بلکہ یوں معلوم ہوتا ہے کہ تعلیم اور نوکری دو الگ الگ بلائیں ہیں، جن کا آپس میں کوئی رشتہ یا سلام دعا نہیں ہے۔
پاکستانی نوجوان کسی بھی شعبے میں کسی بھی ترقی یافتہ قوم سے پیچھے نہیں ہیں۔ اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ دوسری قوموں کی طرح ملنے والے مواقع اور حکومتوں کی طرف سے دیئے بڑھائے جانے والے تعاون کے ہاتھ ہیں۔
دوسری قوموں کی طرح اگر ہمارے نوجوانوں کو بھی وہ مواقع دیئے جائیں جو اُنہیں میسر ہیں تو اپنی صلاحیتوں کا لوہا دنیا کے آگے منوانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ اگر ہم دیکھیں تو اب بھی بہت سارے نوجوان ہمارے ملک میں ایسے ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت اس ملک کا نام روشن کر رہے ہیں. ہمارے ملک کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اُنہیں صرف اور صرف ضرورت ہے تو راہنمائی کی۔ اگر ہم اپنے نوجوانوں کو مواقع اور ان کی اچھی رہنمائی کر سکیں تو وہ دن دُور نہیں کہ دنیا بھر میں پاکستان ان کا نام روشن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں