گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہم ٹی وی کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا انہوں نے ہم نیٹ ورک کی سربراہ سلطانہ صدیقی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر دورید قریشی سے ملاقات کی اس موقع پر میڈیا کی اہمیت، مثبت صحافت اور قومی ترقی میں میڈیا کے کردار پر گفتگو کی گئی۔فصل کریم کنڈی نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا ملک کے لیے ایک طاقتور ادارہ ہے جو نہ صرف عوام کو آگاہی فراہم کرتا ہے بلکہ معاشرتی مسائل کو اجاگر کرکے اصلاحات کی راہ ہموار کرتا ہے۔
جبکہ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں مثبت تعمیراتی صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے تاکہ قوم کو درست سمت میں گامزن کیا جا سکے۔انہوں نے سلطانہ صدیقی اور ان کی ٹیم کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیٹ ورک نے ہمیشہ معیاری مواد فراہم کیا ہے جو نہ صرف تفریحی ہے بلکہ سماجی شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سلطانہ صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ ہم نیٹ ورک ملک میں صحافت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور ہم ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ مثبت اور تعمیری مواد کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنایا جائے۔دورید قریشی نے میڈیا کی اہمیت اور ذمہ داری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانا ہے تاکہ وہ باخبر فیصلے کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرتی تبدیلی کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اسے ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کے مقامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور میڈیا کی اس میں کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ فیصل کریم کنڈی نے میڈیا کے ساتھ مضبوط روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قومی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔