0

کم عمری کی چاندی ::‌تحریر: خالدہ یاسمین

ایک کمال مہارت سے بظاہر اور شاید حقیقت میں کم عمر دکھتی ایک کولیگ کو بڑے انہماک سے اپنےکام میں مگن دیکھ کر ایک معاشرے کے حساب سے بڑے ہی معزز محترم نے اُن پہ ایک سوال داغاکہ”محترمہ آپکی عمر کیا ہو گی؟” وہ اُتنے ہی انہماک سے اپنے کام میں کھوئے ہوئے بولی”اس سال جون میں 23 کی ہو جاؤں گی۔” اور شاید اُسے اپنا کام اُس وقت میں اِس سوال سے زیادہ عزیزتھا ،تبھی کوئی بحث و مباحثہ یا تبصره کیے بغیر ہی کہہ ڈالا کہ وہ 23 کی ہو جائے گی۔قطع نظر اس بات کے کہ عموماً خواتین سے اس سوال کا جواب نہیں مل پاتا۔
خیر وہ تو غالباً مصروفیت کی وجہ سے خالصتاً سچ بول بیٹھی تھی پرکیا وہ سچ اُن محترم کے لیے کافی تھا؟ ہرگز نہیں۔وہ جناب پہلو بدلتے ہوئے بڑے ہی طنزيہ انداز میں گویا ہوئے “عمر تو بالوں میں آئی چاندی سے ہی معلوم پڑ جاتی ہے۔ آپ شاید ہندسوں کا غلط استعمال کر گئی ہیں۔ یا یوں کہیے کہ ہیر پھیر کر گئی ہیں۔” یہ فرمانے کے بعد بے ڈھنگے انداز میں مسکرانے لگے۔
مطلب اُن بے مطلب کے محترم کا ماننا تھا کہ32 کو غالباً 23 بتایا گیا ہے۔ لیکن کمال دیکھیے اُس با کمال صنفِ نازک کا, جو معلوم پڑتا تھا کہ واقعی اپنے کام کو اُن کی اِس فضول سوچ سے زیادہ اہم سمجھتی ہے، فقط اِک خوبصورت مسکراہٹ کو تحفے میں دے کراپنا کام کرنے لگی۔
اُسی ایک لمحے میں یہ سوچنے پہ مجبور ہو گئی کہ اُن دانشور صاحب کے کہنےکا کیا مطلب تھا کہ بالوں کی رنگت، عمر کا صحیح حساب بتاتی ہے؟
خیال آیا کہ اگر یہ بال عمر کا تعین کرتے ہیں تو کتنی عمر ہونا ضروری ہے بالوں کی سفیدی کے لیے؟
کیا پیدائش کے صرف چند گھنٹے اس عمر کا تعین کرتے ہیں؟ کیونکہ میں نے تو اک نومولود کے بالوں میں یہ چاندی کی سی چمک دیکھی ہے۔
کیا عمر کا آخری حصہ جو کہ کسی کا بھی متعین نہیں پھر بھی اک اندازے ک مطابق 70 برس، کیا یہ عمر اس چاندی کا صحیح وقتِ مقرر ہے؟ کیا لڑپن، نوجوانی یا پھر بھرپور جوانی کے بعد ڈھلتی عمر؟ کوئی بتا سکتا ہے کہ اس چاندی کی حقیقی عمر کیسے اور کب متعین کی جا سکتی ہے یا کی گئی ہے؟
میں نے تو ہر عمر کے طبقے میں یہ چمک بالوں کے اندر خوب چمکتے دیکھی ہے۔اور تو اور عرفِ عام میں تو اِسے فیشن کے نام سے گردانا جاتا ہے۔تو کیا یہ حقیقت میں کم عمر لوگوں کو اپنی عمر، فیشن شوز میں یا ماڈلنگ کرتے ہوئے پوری دنیا کو بڑی دکھانی ہوتی ہے؟
اور کئی حقیقی معنی میں اس چاندی کے حق داروں کو فیشن کے نام پر اِسے کالک میں بدلتے دیکھا ہے۔ تو کیا وہ اس سے اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ کم کر کے ظاہر کرنے میں کامیاب ہو کر دنیا کے سامنے واقعی کم عمری میں پہنچ جاتے ہیں؟
اُس لمحے مجھے اُن صاحب کی دانشمندی پر یہ قول بالکل مناسب نہ لگا کہ
“میں نے یہ بال دھوپ میں سفید نہیں کیے”
اسکے برعکس انکی اس بیکار سوچ پر تحفے میں دی جانے والی مسکراہٹ حقیقت میں ایک عظیم جواب لگی جو مولا علیؓ کے اس قول کے عین مطابق تھی
“خاموشی ، بیوقوف کی لیے ایک بہترین جواب ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

2 تبصرے “کم عمری کی چاندی ::‌تحریر: خالدہ یاسمین

  1. Boht achi tehreer likhi ap ny aur sahab ka age k sawal ko ignore kr apny kam mai masroof rhi aur asy logo k liye ap ny jo ya examples di wo kafi hai
    “میں نے یہ بال دھوپ میں سفید نہیں کیے”
    “خاموشی ، بیوقوف کی لیے ایک بہترین جواب ہے۔”
    Aur ap ny apni tehreer mai likha k
    کوئی بتا سکتا ہے کہ اس چاندی کی حقیقی عمر کیسے اور کب متعین کی جا سکتی ہے یا کی گئی ہے؟
    Tu mry khyal mai us chandi se hum kisi ki age ka andaza ni kr sakhty aur ballo mai chandini ka ana ehsasy zemidari aur kam mai unthakn mahnat ko zahir krna

اپنا تبصرہ بھیجیں