لاہور:: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز مدمقابل ہیں، کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 157 رنز کا ٹارگٹ دے دیا.
پی ایس ایل فائیو میں فاتحانہ انٹری دینے والی مضبوط ٹیمیں میدان میں اتر چکی ہیں، کراچی کنگز کے اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کریز سنبھالی تو بیٹ رن اگلنے لگے، بابر نے 5 چوکوں کی مدد سے 17 بالز پر 26 رنز بنائے تاہم وہ زیادہ دیر قدم نہ جما سکے اور ملز کی گیند پر آوٹ ہو گئے، ان کے بعد اے ڈی ہیلز آئے جنہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور چھٹے اوور کے اختتام تک سکور 40 تک پہنچا دیا۔ اس دوران شرجیل خان صرف 6 سکور بنا سکے اور محمد نواز کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، ان کا کیچ بھی محمد نواز ہی نے پکڑا۔ ساتوں اوور کے اختتام تک کراچی کنگز 53 رنز بنا چکے تھے۔
شرجیل کے بعد ڈپلورٹ نے کریز سنبھالی اور شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے بال کو 2 مرتبہ باونڈری تک پہنچایا اور صرف 4 بالز پر 10 رنز بنا لئے تاہم وہ بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 22 رنز کے ٹوٹل پر چلتے بنے۔ والٹن نے صرف ایک رن بنایا،عماد وسیم بھی کوئی خاص پرفارمنس نہ دکھا سکے اور صرف 8 رنز بنائے۔ جارڈن نے 14 اور عمید آصف نے 9 رنز بنا سکے۔ بلے باز افتخار احمد نے کچھ بہتر کارکردگی دکھائی اور 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے لیکن وہ بھی محمد حسنین کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے تاہم محمد عامر ناٹ آوٹ رہے۔ یوں 20 اوورز کے اختتام تک کراچی کنگز 156 رنز بنا سکی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 157 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عماد کا کہنا تھا کہ ٹیم کی بولنگ مضبوط ہے، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو ہائی ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے، کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شائقین ان کیلئے ہمیشہ اچھے سپورٹرز ثابت ہوئے ہیں۔
آج میچ شروع ہونے سے قبل شائقین صبح سے ہی سٹیڈیم میں داخلے کیلئے بے چین تھے، گھنٹوں پہلے ہی سٹیڈیم کے باہر لمبی لائنیں لگ چکی تھیں اور کوئٹہ اور کراچی کے سپورٹرز اپنی اپنی ٹیموں کی جیت کیلئے امید ظاہر کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا دوسرا میچ آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا، اپنی سر زمین اور اپنے ہی شائقین کے سامنے پہلا میچ ہارنے والے قلندرز جیت کے لیے پرجوش ہیں، ادھر دوبار کی فاتح ٹیم کو بھی کامیابی کی بڑی امید ہے، قذافی اسٹیڈیم میں یہ میچ شام سات بجے شروع ہو گا۔

