لاہور:: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پشاور زلمی کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ کو 15.15 اوورز تک محدود رکھا گیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے 18 ویں میچ میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز امام الحق اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کیا۔
پشاور زلمی کو پہلا نقصان 9 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب امام الحق غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے 7 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بن گئے۔
کامران اکمل 12 گیندوں پر 23 سکور بنا کر چلتے بنے، محمد حسنین نے وکٹ حاصل کی، حیدر علی ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز رہے انہوں نے 24 گیندوں پر 39 سکور بنا کر محمد حسنین کی گیند پر واٹسن کو کیچ تھما بیٹھے۔
پشاور زلمی کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 54 رنز بنائے، انہوں نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
دیگر بیٹسمینوں میں لیونگسٹون 12، ڈاسن 0، حسن 9 جبکہ گریگورے 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، پشاور زلمی نے 15 اوورز میں 170 رنز بنائے، محمد حسنین نے چار شکار کیے۔ سہیل خان اور بین کٹنگ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیسن روئے اور سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے کیا۔
اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے ہی دو اوورز میں 27 رنز بنا لیے ہیں، جیسن روئے 12 جبکہ واٹسن 8 سکور کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

