لاہور:: پی ایس ایل میں آج سے کھلاڑی فُل فارم میں دکھائیں گے، خوب چھکے چوکے لگائیں گے۔ ملتان سلطانز کا پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا لاہور قلندرز سے جوڑ پڑے گا۔ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور کپتانوں کے دعوؤں نے دونوں سیمی فائنل اعصاب شکن بنا دیئے۔
زندہ دلان کے شہر میں پی ایس ایل فائیو کے آخری تین میچ، کرونا سےمتاثرہ لیگ کا اختتام بھی خالی اسٹیڈیم میں ہو گا، دیوانے ٹی وی اور لائیو اسٹریمنگ پر چھکے چوکوں اور وکٹوں کو انجوائے کریں گے۔
دونوں سیمی فائنل آج شیڈول، دو پہر دو بجے مدمقابل ٹیموں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی تیاریاں، کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔
سرفہرست ٹیم کے کپتان شان مسعود کہتے ہیں کہ مثبت کرکٹ کھیل کر سیمی فائنل جیتیں گے۔نمبر فور پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کی بھی فتح پر نظریں، کہا کہ تمام کھلاڑی کامیابی کے لیے پرجوش ہیں۔
شام سات بجے روایتی حریف لاہور اور کراچی کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی، قلندرز کو ہوم گراؤنڈ اور بڑی بڑی فتوحات کا ایڈوانٹج، ڈیوڈ ویزے، پرسنا اور کرس لین کے بعد گیم چینجر بین ڈنک اور سمت پاٹیل کی سپورٹ حاصل ہے۔
کنگز کو بھی سیکنڈ پوزیشن کا اعتماد، کرس جورڈن، کیمرون ڈیلپورٹ اور چیڈوِک والٹن بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
کپتانوں کے دعووں اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت نے آج کے دونوں میچز کو اعصاب شکن بنا دیا، کرکٹ دیوانے انتظار میں بے قرار ہیں۔

