سڈنی:: ویمن کے عالمی دن آسٹریلوی خواتین ٹی 20 ورلڈکپ کی چیمپئن بن گئیں، فائنل میں بھارت کو 85 رنز سے ہرا کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔
میلبرن میں ویمن ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، میزبان کھلاڑیوں نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چار وکٹ پر ایک سو چوراسی رنز جوڑے۔ اوپنر الیسا ہیلی نے 75 رنز بنائے، ان کی اس ذمہ دارانہ بلکہ جارحانہ اننگز میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، اس شاندار کارکردگی پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ کپتان میگ لیننگ تو 16 رنز بنا سکیں لیکن بیتھ مونی کے ناٹ آؤٹ 78 رنز نے حریف بھارتی ٹیم کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا۔
جواب میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 58 رنز پر آدھی اور 99 کے مجموعے پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ آٹھ بھارتی بلے باز ڈبل فگر میں نہ جا سکیں، میگن شٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
ویمن ڈے کے موقع پر میزبان آسٹریلیانے صرف اپنے اعزاز کا دفاع ہی نہیں کیا بلکہ پانچویں بار عالمی چیمپئن بن گئی ہیں۔

