کولمبو:: میچ فکسنگ کے حوالے سے آپ کو خبر دیں کہ سابق سری لنکن وزیر کھیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2011ء کا فائنل فکسڈ تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف فائنل سری لنکا جیت سکتا تھا۔
تفصیل کے مطابق نو سال بعد سری لنکا کے سابق وزیر کھیل مہندا نند التھاگامیج نے چونکا دینے والا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2011ء کا فائنل میچ فکسڈ تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق سری لنکن وزیر نے مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ سری لنکا جیت سکتا تھا لیکن بھارت نے کامیابی حاصل کر لی۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2011ء میں بھارت نے سری لنکا کو سنسنی خیز فائنل میں چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سری لنکا نے چھ وکٹ پر 274 رنز سکور کیے تھے۔
بھارت نے 49 ویں اوور میں ہدف چار وکٹوں پر حاصل کر لیا تھا۔ جے وردھنے نے 103 جبکہ دھونی نے 91 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا ٹیم کے کپتان کمار سنگاکارا تھے اور دھونی بھارت کی قیادت کر رہے تھے۔

