لاہور:: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم انگلینڈ سے بہتر ہے اور قومی ٹیم اب بھی تین میچوں کی سیریز جیت سکتی ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ سے بہتر ہے اور ہمیں پہلا ٹیسٹ جیتنا چاہئے تھا، اب بھی یقین ہے کہ پاکستان پھر بھی سیریز جیت سکتا ہے، جب آپ کسی سخت مرحلے سے گزر رہے ہیں تو ٹیم کی باڈی لینگوئج کو تبدیل نہیں کرنا چاہئے۔
سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں تیسرے دن دوسری اننگز کی بیٹنگ کے بعد پاکستان کے کھلاڑی دباؤ کا شکار نظر آئے۔ اس طرح کی شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ کا کردار اہم ہے کیونکہ کھلاڑیوں کا حوصلہ پست ہو جائے گا۔ ان کو حکمت عملی کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت ہے۔
انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اظہر کی کپتانی پر تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کی ٹیم 277 کے سکور کا دفاع کرنے میں کئی ٹریکس مس کی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں جیتنے کا سارا کریڈٹ بٹلر اور ووکس کو جاتا ہے۔ دونوں نے سٹروک کھیلنا شروع کیا اور انہوں نے دفاعی کرکٹ نہیں کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے میچ میں سخت مقابلہ کیا مجھے یقین تھا کہ انگلینڈ کو 200 کے تحت آؤٹ ہونا چاہئے تھا۔ کپتانی بہتر ہوسکتی تھی جب بٹلر اور ووکس بیٹنگ کررہے تھے، شارٹ بالز کو آزمایا جاسکتا تھا سب جانتے ہیں کہ یہ دونوں بلے باز شارٹ بال نہیں کھیل سکتے ہیں، مجھے پاکستان کی باولنگ میں کوئی ویریشن نظر نہیں آیا۔

