0

خیبرپختونخوا حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور:: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اقدامات میں مزید تیزی آ چکی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان خود تمام ریلیف و بحالی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کر کے شہریوں کے مسائل سن اور انہیں فوری حل کرنے کے احکامات جاری کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں فلڈ کنٹرول روم سمیت صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں مخیر شہری دل کھول کر عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف کا اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی آپریشن میں مزید تیزی آ چکی ہے۔
دور دراز علاقوں میں سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والی سڑکوں اور پلوں کو بحال کیا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں موجود رہائشیوں کو زمینی راستے سے بھی امدادی سامان پہنچایا جا سکے اور آمد و رفت بھی بحال ہو۔ بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا کہ ریلیف اور بحالی آپریشن میں تمام متعلقہ محکمے پوری استعداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان گزشتہ کئی روز سے سیلاب زدہ علاقوں کے دوروں پر ہیں جہاں وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ شہریوں سے مل کر ان کے مسائل سن رہے ہیں اور موقع پر ان مسائل کے حل کے لئے احکامات بھی جاری کر رہے ہیں۔
وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں صوبے میں سیلاب سے متاثرہ آخری گھر کی بحالی تک اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے فلڈ ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے۔ مخیر شہری سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر عطیات دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں