لاہور:: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو کرتار پور آمد پر راہداری کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کرایا گیا، انتونیو گوتریس کو سکھ یاتریوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔ معزز مہمان نے بابا گرونانک کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور لنگر خانے میں کھانا بھی کھایا۔
اس موقع پر انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کرتار پور راہداری پاکستان کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی ثبوت ہے، ٹیررازم سے ٹورازم تک پاکستان کا سفر انتہائی متاثر کن ہے، دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں، تعمیر و ترقی کا سفر پر امن حالات کے ساتھ خوشی کا باعث ہے، سابق فاٹا میں امن و امان کی بہتر صورتحال ترقی کی طرف مثبت قدم ہے، دہشتگردی سے متاثر علاقوں میں ریاست کی رٹ بحال ہونا اہم سنگ میل ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو کنڈر گارٹن سکول ڈی ایچ اے لاہور پہنچنے پر بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ان کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بچوں سے ملاقات کی اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔ اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔
اقوم متحدہ کی خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین معروف ا داکارہ ماہرہ خان نے انتونیو گتریس سے ملاقات کی۔ انتونیو گوتریس نے ماہرہ خان کی جانب سے مہاجرین کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یہ اعتراف کیا کہ امن مشنز میں خدمات دینے والی کچھ بہادر خواتین اور مردوں سے ملاقات متاثر کن تھی۔ انہوں نے ٹوئٹس میں لکھا اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان سب سے بڑا شراکت دار ہے، امن مشن کے لیے خدمات دینے والی کچھ بہادر خواتین اور مردوں سے ملاقات متاثر کن تھی، ان افراد نے امن کے قیام کے لیے کام کیا، آپ کی قربانی اور خدمات کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔