کراچی:: کھاد کی کھپت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران 62 لاکھ ٹن کھاد فروخت ہوئی۔
نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے مطابق دسمبر2019 میں کھاد کی فروخت 13 لاکھ 35 ہزار ٹن رہی جو دسمبر 2018 کے مقابلے میں 82 فیصد زائد ہے۔ گیس کی قیمت میں اضافے کے خدشات کو مد نظررکھتے ہوئے کسانوں نے دسمبر میں کھاد کی جم کر خریداری کی۔
دوسری جانب دسمبر2019 میں ڈی اے پی کھاد کی کھپت 2 اعشاریہ 3 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 93 ہزار ٹن رہی جو گذشتہ سال کے اسی عرصے میں ایک لاکھ 89 ہزار ٹن تھی۔ دسمبر 2019 میں 55 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد درآمد بھی کی گئی۔