تل ابیب:: اگر آپ مچھر مار چھڑی سے مچھر مارنے کے شوقین ہیں تو ایک نیا گھریلو لیزر نظام آپ کی مدد کرسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کمپنی بزیگو کا یہ سادہ نظام انفراریڈ ایل ای ڈی، انفراریڈ وائیڈ اینگل کیمرے اور ایک مائیکرو پروسیسر پر مشتمل ہے۔ اس کی جان ایک الیکٹرانک بصری الگورتھم ہے جو کسی مکھی، مچھر یا کمرے میں اڑتے گرد کے ذرات میں فرق کرسکتا ہے۔ اس کا اندازہ مختلف اشیا کی حرکات کی بنا پر لگایا جاتا ہے یہاں تک کہ یہ مکمل اندھیرے میں بھی کام کرسکتا ہے۔
جیسے ہی اسے کمرے میں مچھر نظر آجائے یہ سمارٹ فون پر اطلاع دیتا ہے اور اگر مچھر بیٹھا ہو تو ایک دائرے کی صورت میں اس مقام کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اگلے مرحلے میں لیزر کو اس قابل کیا جائے گا کہ وہ خود مچھر دیکھ کر اسے ختم کر سکے گا۔
بزیگو لیزر نظام پر کئی سال سے کام جاری رہا لیکن اسے کنزیومر الیکٹرونکس شو 2020ء میں پہلی مرتبہ نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اگلے سال اس کی فروخت شروع ہو جائے گی۔