0

کراچی ٹیسٹ، پاکستان کی سری لنکا کے خلاف بیٹنگ جاری

کراچی:: پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرا ٹیسٹ کراچی میں شروع ہو گیا، کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت لیا جس کے بعد 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے.

کراچی نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا، پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی میدان میں اترے، چھٹے اوور کے اختتام تک شاہینوں نے 10 رنز بنائے تھے۔ ساتویں اوور میں پاکستانی اوپننگ آرڈر لڑکھڑا گیا جب شان مسعود فرنینڈو کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے محض5 رنز بنائے تھے۔

ان کے بعد کپتان اظہر علی کریز پر آئے تو انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفر رنز پر آوٹ ہو گئے، انہیں بھی فرنینڈو نے پویلین واپس بھیجا۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور صرف 14 تک محدود تھا۔ بابراعظم میدان میں آئے تو پاکستانی شائقین کو کچھ امید پیدا ہوئی۔

قبل ازیں کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس حوالےسے ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ ہے، بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم میں عثمان شنواری کی جگہ یاسرشاہ کو شامل کیا گیا ہے تاہم 10 سال بعد اسکواڈ کا حصہ بننے والے فواد عالم کو پھر ڈراپ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ بارش اور کم روشنی کے سبب ڈرا ہو گیا تھا، سری لنکا نے 306 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں