لندن:: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے چینی بحران اور قیمت میں اضافے کا ذمہ دارحکومت کوقرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ عمران نیازی کے قریبی دوستوں کی چینی ملوں کا سٹاک چیک کرایاجائے،کرپٹ مفاد پرست ٹولے نے پہلےچینی ایکسپورٹ کی، اب امپورٹ کررہا ہے ،چینی ایکسپورٹ کرکے قوم کا حق ماراگیا، اب امپورٹ کرکے قومی خزانےکو پھرنقصان پہنچایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میاں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی سرپرستی میں بااثر حکومتی شخصیات چینی کے اربوں روپے کے خوفناک سکینڈل میں ملوث ہیں، عمران نیازی کے قریبی دوستوں کی چینی ملوں کا سٹاک چیک کرایاجائے،حکومت قوم کو بتائے کہ کس کس کی مل نے کتنی چینی باہر بیچی؟قوم کو بتایا جائے کہ حکومت میں شامل بااثر افراد نے کتنی چینی بیرون ملک فروخت کی، اس پر کتنا منافع کمایا؟ شریف خاندان کی ملکیت چوہدری شوگر اور رمضان شوگر مل کا ڈیٹا بھی نکلوایا جائے عمران صاحب کے وزراء اور دوستوں کی ملوں میں چینی کے ذخیرے کی تفصیل سامنے لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گنے کی پیداوار 20 فیصدکم ہوئی تو چینی کی برآمد کی اجازت کیوں دی گئی؟ حکومت بتائے کہ بیرون ملک چینی برآمد کرنے والے نمبر ایک، نمبر دواور نمبر تین پر کون سی حکومتی شخصیات ہیں؟حکومت چور نہیں تو پارلیمانی کمیٹی کیوں نہیں بناتی تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے،پارلیمانی کمیٹی تحقیقات کرے کہ چینی کی برآمد، ذخیرہ اندوزی اور قیمت بڑھ کر کس نے ڈاکہ ڈالا؟ ابھی تک تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ اس لئے نہیں آئی کیونکہ نیازی اور وزراء ملوث ہیں۔
0