پشاور:: خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہوگیا، اپوزیشن اراکین نے حکومتی وزراء کی عدم موجودگی پر سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، ایوان میں چینی چور اور آٹا چور کے نعرے لگائے۔ نگہت اورکزئی نے سپیکر کی کرسی پر قبضہ کرلیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن اراکین نے احتجاج کیا، اپوزیشن ممبران نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا، چینی چور اور آٹا چور کے نعرے لگائے۔
اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسمبلی اجلاس کو مذاق بنایا ہوا ہے، اجلاس بلایا جاتا ہے مگر حکومتی اراکین نہیں آتے ہیں، اجلاس میں اسپیکر مشتاق غنی وزیر خوراک قلندر لودھی پر برہم ہوگئے، آپ وزراء کو کیوں نہیں بلاتے، اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی پر سپیکر نے اجلاس 10 منٹ کے لئے ملتوی کر دیا۔
اجلاس دوبارہ شروع ہونے پر بھی اپوزیشن اراکین کا احتجاج اور ہنگامہ آرائی جاری رہی، اس دوران صوبائی وزیر تعلیم کو بل بھی پیش نہیں کرنے دیا گیا، صوبائی وزیر تعلیم نے احتجاج کے دوران ایک بل پیش کیا، بعد ازاں سپیکر مشتاق غنی نے اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔