اسلام آباد:: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور کشمیرکی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اہم علاقائی امور، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کا استقبال کیا۔ ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر سے متعلق پاکستانی موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس کے بعد سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وطن واپس رونہ ہو گئے۔