لاہور:: انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں آج سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اِن ایکشن ہوں گی، چھکے چوکوں لگاتار اور وکٹوں کے انبار لگیں گے، کرکٹ دیوانوں بے قرار ہونے لگے۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں پھر کرکٹ کی بہار، بنگلادیشی ٹیم کی آمد سے رونقیں دوبالا ہو گئیں، پاک بنگلا ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میدان قذافی اسٹیڈیم میں لگے گا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے ٹاس اور دو بجے میچ شروع ہو گا۔
چھکے چوکوں کی بہار آئے گی، وکٹوں کی بھی جھڑی لگے گی، کرکٹ دیوانے بے قرار، انتظار شدید ہونے لگا۔ قومی ٹیم نئے کمبی نیشن پر مشتمل ہے، امام الحق کی جگہ احسن علی کے ڈیبیو یقینی، محمد حفیظ اور شعیب ملک کی واپسی سے ناکامیوں کو بریک لگ سکتی ہے۔
آسٹریلیا میں تہلکہ مچانے والے بولر حارث رؤف اسپیڈ گن کے ساتھ اِن ایکشن ہوں گے، کپتان بابر اعظم کو اپنے کھلاڑیوں پر مان، تیاریاں اور جوڑ توڑ بھی فائنل ہو گیا۔
دوسری جانب بارہ سال بعد ٹی ٹوئنٹی کھیلنے بنگلادیشی ٹیم کی پاکستان انٹری، مشفق الرحیم کی عدم شرکت سے بنگال ٹائیگرز مشکل میں ہیں، تمیم اقبال اور کپتان محمود اللہ کا کڑا امتحان ہو گا۔ تماشائیوں نے بھی مقابلہ دیکھنے کے پلان بنا لیے۔