وہاڑی:: وہاڑی کے نواحی علاقوں میں ٹڈی دل نے فصلوں کو برباد کرنا شروع کردیا، کماد اور مکئی سمیت دیگر فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں، کسانوں کو دن رات کی محنت بچانے کے لالے پڑ گئے۔
وہاڑی میں ڈھول والے کرائے پر بلائے جا رہے ہیں، لوہے کے ٹین بجانے کا کام بھی شروع ہو گیا، ضلعی انتظامیہ صرف ڈپٹی کمشنر آفس کی میٹنگز تک محدود ہو کر رہ گئی، ضلعی انتظامیہ کے علاوہ محکمہ زراعت بھی اس آفت میں کہیں نظر نہیں آ رہا۔ ایک کسان کا کہنا تھا کہ ڈھول بجانے سے ٹڈی نہیں بھاگتی۔ محکمہ زراعت کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ ٹڈی دل کی آمد سے آگاہ ہیں، اقدامات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب عارفوالا میں ٹڈی دل کے حملے سے سیکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں اجڑ گئیں، ساہیوال میں بھی ٹڈی دل سے متعدد دیہات متاثر ہو گئے جبکہ کمیر، ہڑپہ، نائیوالہ بنگلہ اور چیچہ وطنی کے متعدد علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ محکمہ زراعت کی جانب سے ٹڈی دل کے نقصان سے بچنے کیلئے کسانوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کی گئی ہے۔