اسلام آباد:: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے برٹش ائیرویز کے وفد نے ملاقات کی اور بہترین سیکیورٹی پر وفاقی حکومت کر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا برٹش ائیر ویز کے چار رکنی وفد سے ملاقات میں کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ ہماری کوششیں رنگ لائی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر جائے، اس لئے ویزا سہولیات سے لے کر امیگریشن کاؤنٹرز تک ہم نے تمام سہولیات کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہفتے میں 3 سے زیادہ پروازوں اور دیگر شہروں تک رسائی بھی وقت کے ساتھ ممکن بنا سکیں گے۔
برٹش ائیر ویز کے وفد کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام فلائنگ آپریشنز بغیر کسی مشکل کے چل رہے ہیں۔ پاکستان میں سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ گزشتہ 7 ماہ میں کسی قسم کی دقت کا سامنہ نہیں ہوا۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ کے اقدامات اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے کہ برٹش ائیر ویز نے جون 2019ء میں پاکستان میں پروازوں کا دوبارہ آغاز کیا تھا- اس سے قبل 2008ء سے پروازوں کا سلسلہ بند تھا۔