نشتر آباد:: سرگودھا سے لاہور جانیوالی ٹرین نشتر آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ڈمپر سے ٹکرا گئی، اسسٹنٹ انجن ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔ حادثہ کھلے پھاٹک کے باعث پیش آیا۔
سرگودھا سے لاہور جانے والی سرگودھا ایکسپریس نشتر آباد کے قریب کھلے پھاٹک میں پھنسے ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ٹرین کا انجن الٹ گیا اور ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور وسیم موقع پر جاں ہو گیا۔
انجن الٹنے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی جبکہ ٹرین میں سوار سینکڑوں مسافر نشتر آباد کے قریب اپنی منزل پر پہنچنے کے منتظر ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ کھلے پھاٹک کے باعث پیش آیا۔ ریلوے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ انجن کو پٹڑی پر لانے کے لیے آپریشن جاری ہے جس کے لیے کرین بھی منگوا لی گئی ہے۔ دریں اثنا پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔