دبئی :: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ٹاپ 10میں پاکستانیوں کی انٹری بدستور بند ہے جبکہ بابراعظم بیٹسمینوں میں 15ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے آسٹریلیا کیخلاف برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مزاحمتی سنچری بنائی تھی تاہم قومی ٹیم یہ میچ اننگزاور5رنز سے ہارگئی، قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق تنزلی کے بعد 22 اور اظہرعلی 25ویں نمبر پر چلے گئے، ٹیم سے باہر سرفراز احمد39ویں درجے پر ہیں جبکہ شان مسعود نے 7 درجے ترقی ملنے پر 57 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ ویرات کوہلی دوسرے، کین ولیم سن تیسرے، چتیشور پجارا چوتھے، اجنکیا ریحانے پانچویں، ہینری نکولس چھٹے، دیموتھ کرونارتنے ساتویں، ٹام لاتھم آٹھویں، بین سٹوکس نوویں اور مایانک اگروال دسویں نمبر پر ہیں۔
باﺅلرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے پیٹ کومنز پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ کاگیسو ربادا دوسرے، نیل ویگنر تیسرے، جیسن ہولڈر چوتھے، جسپریت بمرا پانچویں، جیمز اینڈرسن چھٹے، ویرنون فلینڈر ساتویں، کیمار روچ آٹھویں، جوش ہیزل ووڈ نوویں اور روی چندرن ایشوین دسویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے محمد عباس آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے بغیر ہی تنزلی کے بعد 13ویں پوزیشن پر چلے گئے، یاسر شاہ 19 اور وہاب ریاض32ویں نمبر پر ہیں۔
آل راﺅنڈرز کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جبکہ رویندرا جدیجہ دوسرے، بین سٹوکس تیسرے، ویرنون فلینڈر چوتھے، روی چندرن ایشوین پانچویں، پیٹ کومنز چھٹے، مچل سٹارک ساتویں، کولن ڈی گرینڈہوم آٹھویں، معین علی نوویں اور ٹم ساﺅتھی دسویں نمبر پر ہیں۔