سرینگر:: مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل ہوئے 161 روز ہوگئے، ایک ہفتے کے دوران 36 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، سری نگر میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام طلبا نے بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مقبوضہ وادی کے باسیوں کو مسلسل قید میں رہتے ہوئے 161 روز ہو گئے، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ ناہونے کے برابر ہے، سری نگر میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام طلبا نے مظاہرہ کیا۔ آزادی کے متوالوں نے مسئلہ کشمیر پر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش پر بھارت کی مذمت کی۔
بھارتی فورسز نے سرینگر، کلگام، بڈگام اور بارہمولا سمیت مختلف اضلاع سے متعدد نوجوانوں کو گھرگھرتلاشی کے دوران گرفتارکیا گیا، شہریوں کا کہنا ہےکہ قابض فوجی بغیرکسی وجہ کے گھروں میں گھس کرحراساں کرتے ہیں۔
امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کااظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی حراست اور انٹرنیٹ پر پابندی پر بھی تشویش ہے، امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کا قریب سے مشاہدہ کر رہے ہیں۔