لاہور:: مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے، لاہور آٹا چکی مالکان نے گندم کی قیمت کی آڑ میں دیسی آٹا مزید 6 روپے مہنگا کر کے فی کلو ریٹ 70 روپے مقرر کر دیا۔
ریلیف کے منتظر عوام تبدیلی سرکار سے مایوس نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے، مہنگائی ہے کہ بڑھتی ہی جا رہی ہے جبکہ کاروبار کم ہوتے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے کے خلاف لیگی رکن عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کا ریٹ 805 روپے مقرر کیا لیکن مارکیٹ میں آٹا 840 سے 850 تک بلیک میں فروخت ہو رہا ہے، حکومت آٹا بحران کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔
قرار داد میں آٹا بحران کے خاتمے اور دکانداروں کوسرکاری ریٹس پر فروخت کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔