لاہور:: فلمی دنیا کے بے تاج بادشاہ، نامور ہیرو، فن کے سلطان، سلطان راہی کی آج 24 ویں برسی ہے۔ ایک عرصہ تک شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے اداکار نے بھرپور فنی زندگی گزاری۔
700 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروانے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے سپر سٹار سلطان راہی، سلطان محمد المعروف سلطان راہی 1938ء میں بھارتی شہر سہارنپور میں پیدا ہوئے۔
معمولی رولز سے فلموں میں انٹری دی، کبھی فائٹر کا کردار ادا کیا تو کبھی معمولی ولن کا، بشیرا میں اعلیٰ اداکاری سے ایسا نام کمایا پھر مڑ کے نہیں دیکھا۔وحشی جٹ، مولا جٹ، شیر خان پھر ایک سے بڑھ کر ایک بڑی فلم دی۔پانچ سو پنجابی اور ایک سو پچاس سے زائد اردو فلموں میں کام کیا۔ کئی لازوال کردار ادا کئے۔
فلم انڈسٹری میں سلطان راہی کا خلا کوئی پر نہیں کر سکتا، ان کے بیٹے حیدر سلطان نے بھی فلموں میں اداکاری کی لیکن وہ بھی اپنے والد جیسی شہرت کی بلندیوں پر نہ پہنچ سکے۔
سلطان راہی حقیقی زندگی میں ایک ہمدرد اور لوگوں کی مدد کرنے والے انسان تھے۔ 9 جنوری 1996ء کو سلطان راہی گوجرانوالہ کے قریب ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔