سینچورین:: جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسز نے بگ تھری حکمرانی کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو ایلیٹ ممالک کی نہیں زیادہ میچوں کی ضرورت ہے کیونکہ کئی ایسے چھوٹے ممالک ہیں جن کو مناسب ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع تک نہیں مل رہا جو کم میچوں پر اکتفا کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فاف ڈوپلیسز سے جب سپر سیریز ون ڈے میچوں کے متعلق سوال کیا گیا جس میں نام نہاد بگ تھری آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی اور ہر ملک اپنی باری پر دوسری ٹیم کو کھیلنے کیلئے مدعو کرے گا تو پروٹیز قائد کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہوگا کہ عالمی سطح پر زیادہ ٹیموں کو میچوں میں ملوث کیا جائے کیونکہ اسی طرح کھیل کی ترویج ممکن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ٹیسٹ میچوں کی تقسیم میں عدم توازن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نئے ٹیسٹ ممالک افغانستان اور آئرلینڈ کو مناسب تعداد میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع نہیں مل رہا۔