اسلام آباد:: پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤژنگ نے کہا ہے کہ چین ایک معاشی مستحکم پاکستان چاہتا ہے۔ پاکستان کی ترقی چین کے لیے اہم ہے۔ سی پیک کے خلاف اٹھنے والی آوازیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
چین کے سفیر یاؤژنگ کا اسلام آباد میں پاک چین اقتصادی راہدرای (سی پیک) سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت ریلوے لنک بڑھنے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت میگا پراجیکٹ مکمل کیے گئے جن میں سے ایک اورنج لائن مکمل ہونے کو ہے۔
سفیر یاؤژنگ کا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا سی پیک کے خلاف متحرک ہے۔ اس پراپیگنڈا کو سی پیک کے مثبت اثرات سے مات ہوگی۔ پاکستان اور چین کو پتا ہے کہ سی پیک ان کے عوام کے لیے کیا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو سستی صنعتی پیداوار کی ضرورت ہے۔ سستی بجلی صنعتی پیداوار کی لاگت کم کرنے کے لیے اہم ہے۔ سستی صنعتی پیداوار برآمد ہو سکتی ہیں۔ چین اور پاکستان کا مشترکہ پیداواری گروپ ہائر الیکٹرونکس ہے۔ ہائر گروپ نائیجریا تک پاکستان سے ایکسپورٹ کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کرونا وائرس سے سی پیک کے رفتار متاثر نہیں ہوگی۔ سی پیک کے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے بھی ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر سے کوئٹہ، چمن اور پھر وسط ایشیائی ریاستوں تک ریلوے لنک اہم ہے۔ یہ ریلوے لنک خطے کی تجارت کو فروغ دے گا۔ سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زون بن رہے ہیں جو مشترکہ صنعتی پیداوار فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ سماجی شعبے میں تعاون سی پیک کا نیا باب ہے۔ سی پیک کے تحت ووکیشنل تربیت روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی کرے گا۔