لاہور:: حکومت نے سنگین غداری کیس میں مزید افراد کو ملزم بنانے کی درخواست دے دی۔ حکومت نے شوکت عزیز، عبدالحمید ڈوگر اور زاہد حامد کو ملزم بنانے کی استدعا کی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کی سنگین غداری کیس کیلئے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کو بھی ملزم بنانا چاہتے ہیں، تمام ملزمان کا ٹرائل ایک ساتھ ہونا ضروری ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا آج مقدمہ حتمی دلائل کیلئے مقرر تھا تو نئی درخواستیں آ گئیں، ساڑھے 3 سال بعد ایسی درخواست آنے کا مطلب حکومت کی نیت ٹھیک نہیں۔
جسٹس نذر اکبر نے استفسار کیا جنہیں ملزم بنانا چاہتے ہیں ان کے خلاف کیا شواہد ہیں ؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا شکایت درج ہونے کے بعد ہی تحقیقات ہو سکتی ہیں۔ جسٹس نذر اکبر نے کہا تحقیقات اور شواہد کا مرحلہ گزر چکا ہے، کیا شریک ملزمان کیخلاف نئی تحقیقات ہوئی ہیں؟۔