کراچی:: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کہتے ہیں یہاں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، سندھ سرکار کو سوائے تنقید کے کچھ نہیں آتا ،مراد علی شاہ اگر ایس ایس پی فرخ بشیر کو آئی جی لگوانا چاہتے ہیں تو لگوا کر اپنی یہ خواہش بھی پوری کرلیں۔
انصاف ہاوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ حکومت سندھ پر خوب گرجے برسے، کہا سندھ سرکار کی رعایا نے پورے صوبہ کو تباہی کو دہانے پرلاکھڑا کردیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان اب بہتری کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی ہاوسنگ اسکیم، احساس پروگرام سمیت کئی پروگرامز کا آغاز کردیا ہے۔
دوران پریس کانفرنس ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر کہا کہ چند روز قبل کچھ کرپٹ عناصر نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا ڈھونگ رچایا، ہم مانتے ہیں اس میں کچھ کوتاہی ہماری بھی ہے، مگر اب بین الاقوامی ادارے بھی ملکی معیشت کی بہتری کی گواہی دے رہے ہیں۔