0

خطے میں امن کیلئے کوششیں، پاکستان کیساتھ ہیں: ترک وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون

اسلام آباد:: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے دوران 15 افراد کی شہادت کے بعد ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

مطابق ترک وزیر خارجہ نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی، قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تعزیت کی۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے دلخراش واقعے پر ترکی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد ترکی نے خطے میں خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی تمام پاکستانی کاوشوں پرمکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ میولوت چاوش اولو نے ایران، امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے آئندہ دورہ ایران، سعودی عرب، امریکا سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی طور پر دوست ممالک کے دورے کریں، ایران، امریکا، سعودی عرب جائیں جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ متعلقہ ممالک کے عسکری حکام سے بات کریں۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران ترک وزیرخارجہ نے اپنے حالیہ دورہ عراق سے اپنے پاکستانی ہم منصب کو آگاہ کیا، دوران گفتگو مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات صحیح راستے پر چل رہے ہیں جبکہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا ملائیشیا کا دورہ بھی آئندہ ماہ متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں