لاہور:: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی پرویزملک نےکہاہےکہ تحریک انصاف کی سیاست نواز شریف سے شروع ہوکر نواز شریف پر ہی ختم ہوتی ہے،گورنر سندھ اپنے منصب کو بھول کر نواز شریف کی صحت پرسیاست کررہے ہیں،سلیکٹڈ حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہو چکی، جلد عوام کو جعلی حکمرانوں سے چھٹکارا مل جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر ن لیگی رہنما پرویز ملک کا کہنا تھا کہ گورنرسندہ ثبوت دیں ہمارے قائد نواز شریف نے کس شاپنگ سینٹر میں شاپنگ کی؟ گورنر سندھ نواز شریف کی صحت کی صورتحال سے لاعلم ہیں، گورنر سندھ اپنے منصب کو بھول کر نواز شریف کی صحت پرسیاست کررہے ہیں،گورنر سندھ عمران اسماعیل کا بیان لاعلمی کا مظہر اور گمراہ کن ہے،بڑے عہدوں پر چھوٹے لوگ براجمان ہیں تب ہی تو چھوٹی باتیں کرتے ہیں۔پرویز ملک نے کہا کہجھوٹے معاشی اعشارئیے اور اعدادو شمار پیش کرکے عمران خان عوام کو اپنی طرح پاگل سمجھتے ہیں،اصل معاشی اعشارئیے عوام کی دہائیاں، چیخیں اور جھولیاں اٹھااٹھاکر دی جانے والی بددعائیں ہیں، ملک مسائلستان بن گیا لیکن نالائق وزیراعظم اورکرائے کے ترجمانوں کا واحد مسئلہ اور توجہ صرف نوازشریف اور شہبازشریف ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اصل معاشی اعشارئیے یہ ہیں کہ 15 روپے کی روٹی اور 20 روپے کا نان ہے، نالائقوں نے معیشت کو تباہ کر دی، قرض لیکر خوشیاں منا رہے ہیں،مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں،سلیکٹڈ حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہو چکی، جلد عوام کو جعلی حکمرانوں سے چھٹکارا مل جائیگا۔
0