بغداد:: امریکا نے انخلا کا خط لیک ہونے پر عراق چھوڑنے کی تردید کر دی۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا عراق کو چھوڑنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
پینٹاگون کے سربراہ نے عراق سے فوج کے انخلا کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا جبکہ نیٹو چیف نے برسلز میں گفتگو کرتے ہوئے ایران کو تنبیہ کی ہے کہ ایران مزید شر انگیز ی سے باز رہے، نیٹو کو ایران کی صورتحال پر سخت تشویش ہے، امریکی اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج کو بغداد سے دوسرے فوجی اڈے میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج نے عراق سے نکلنے کی تیاری کا اشارہ دے دیا ہے۔ عراق میں امریکی مشن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ولیم ایچ سلی نے عراقی وزارت دفاع کے عہدیدار کے نام خط میں کہا ہے کہ چند ہفتوں میں فوج کو منتقل کر رہے ہیں، اس ضمن میں فورسز نے متعدد اقدامات کرنے ہیں تاکہ فوج کی باحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وسطی بغداد کے گرین زون کے گرد ہیلی کاپٹروں کی پروازوں میں اضافہ ہو جائیگا۔ عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے ایسے آپریشن رات کو کیے جائیں گے۔