پشاور:: صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں دیر بالا سیلاب متاثرین کیلئے فری میڈیکل کیمپس کا آغاز 8 ستمبر سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر دیر بالا اکمل خان خٹک اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مسعود جان کے ہدایات پر ایس آر ایس پی کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سیلاب زدگان کیلئے مختلف مقامات میں فری میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔
اس سلسلے میں 8 ستمبر کو گوالدئی بی ایچ یو، 9 ستمبر کو ڈوگدرہ میں مینہ ڈوگ بی ایچ یو، 10 ستمبر کو پالام میں سول ڈسپنسری سمکوٹ، 12 ستمبر کو ناشنامل عشیری میں باٹل بی ایچ یو، 13 ستمبر کو تارپتار آر ایچ سی اور 14 ستمبر کو بی ایچ یو جبر میں سیلاب متاثرین کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جائیگا۔
ڈپٹی کمشنر دیر بالا اکمل خان خٹک نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور سیلاب متاثرین کو ان کے گھر کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ انفراسڑکچر کی جلد از جلد بحالی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کررہے ہیں۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر دیر بالا اکمل خان خٹک کی صدارت میں ضلعی جرگہ ہال میں تمام محکموں کے ساتھ ’’حالیہ سیلاب کے نقصانات‘‘ کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہواجسمیں تمام تحصیلوں کے میئرز بشمول تمام محکموں کے سربراہان ونمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاء کی متاثرین کی بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کی دوبارہ آبادکاری پر خصوصی توجہ دینے اور تازہ ترین صورتحال سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی

