لاہور:: قائداعظم ٹرافی کے تیسرے راونڈ کا آغاز 6 نومبرسے کراچی کے تین مختلف گراونڈز پر ہوگا، سنٹرل پنجاب کا مقابلہ بلوچستان سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا،خیبر پختونخوا کی ٹیم سدرن پنجاب کے خلافاین بی پی سپورٹس کمپلیکس میں ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ ناردن کا میچ سندھ سے یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔
راونڈ کی تکمیل کے بعد ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے جاری طویل طرز کی کرکٹ میں 11 روز کا وقفہ ہو گا اور اس دوران پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ پلے آف میچز اور فائنل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دورہ نیوزی لینڈ سے قبل یہ قائداعظم ٹرافی کا آخری راونڈ ہوگا، لہٰذا اس راؤنڈ میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کرواسکتے ہیں۔
سدرن پنجاب کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے۔ شان مسعود کی زیرقیادت سدرن پنجاب کی ٹیم اب تک اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے، گزشتہ سیزن میں کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں وہ صرف ایک میچ ہی جیت سکی تھی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دلچسپ میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو میچ کے آخری روز 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے راونڈ میں اب ان کا مقابلہ خیبر پختونخوا سے ہوگا ،
دونوں ٹیمیں نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس میں مدمقابل آئیں گی۔ لیگ سپنر زاہد محمود سدرن پنجاب کی بولنگ لائن اپ کا سب سے موثر ہتھیار ثابت ہورہے ہیں، وہ اب تک ایونٹ کے دو میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سدرن پنجاب کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں سلمان علی آغا کا نمبر دوسرا ہے۔ وہ اب تک دو میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ایونٹ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے آل راونڈر حسین طلعت اب تک 2 میچوں میں 306 رنز بنا کر سدرن پنجاب کے بہترین بیٹسمین ہیں۔ ان کے کپتان ، شان مسعود ، 65.33 کی اوسط سے 196 رنز کے ساتھ تاحال ایونٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔
کے پی کی بیٹنگ لائن اپ تاحال ایونٹ کے ابتدائی دو راؤنڈز میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی ، نیشنل ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کی فاتح خیبرپختونخوا کی ٹیم اب تک بیٹنگ میں صرف دو بونس پوائنٹس حاصل کرسکی ہے ، جو اب تک باقی پانچ ٹیموں میں سب سے کم ہیں۔
کے پی کے صرف ایک بیٹسمین عادل امین ، اب تک ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دس بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔خیبر پختونخوا کی قیادت اشفاق احمد کررہے ہیں۔ان کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے، سکواڈ میں شامل اسپنر ساجد خان اب تک 13 اور خالد عثمان 7 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا نے تیسرے راونڈ کے لیے اپنے سکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔فاسٹ باؤلرثمین گل (فٹنس مسائل کا شکار) اور صاحبزادہ فرحان (سیکنڈ الیون میں بھیج دیا گیا) کی جگہ آل راونڈر زوہیب خان اور بیٹسمین مصدق احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔
پہلے راؤنڈ میں ایک اننگز اور 96 رنز سے شکست کھانے والی ناردرن کی ٹیم نے ایونٹ کے دوسرے راونڈ میں شاندارکم بیک کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے ہرادیا ہے۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔
ناردرن اور سندھ کی ٹیمیں ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں مدمقابل آئیں گی ۔دوسری طرف سرفراز احمد کی بیٹنگ فارم میں واپسی سندھ کی بیٹنگ لائن اپ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے ایونٹ کےدوسرے راونڈ میں اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی بارھویں سنچری سکور کی تھی۔
ادھرایک سنچری اور 91 رنز کی مدد سے تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم بھی ایونٹ میں221 رنز بنا چکے ہیں ، ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ اسد شفیق نے گزشتہ میچ میں ناقابل شکست سنچری بناکر سندھ کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔
سندھ کے سپنر عاشق علی نے فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئیر کا متاثرکن آغاز کیا ہے، آف اسپنرنے گزشتہ میچ میں 127 رنز دے کر مجموعی طور پر11 وکٹیں حاصل کیں۔ تابش خان اور سہیل خان کے علاوہ محمد اصغر بھی سندھ کی بولنگ لائن اپ میں شامل ہیں۔
دفاعی چیمپین سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے دونوں میچوں میں شکست کھاکر صرف 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔ اپنی بیٹنگ لائن اپ کو مزید مضبوط کرنے کے لئےکپتان اظہر علی نے اوپنرعابد علی کو کراچی طلب کرلیا ہے۔ عابد علی اس سے قبل پاکستان اور زمبابوے کے مابین راولپنڈی میں کھیلی گئی ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ تھے۔

