لاہور:: قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔ پلیئرزکو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کیا جائے گا، کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں۔ قومی کرکٹرز کی کیٹگریز کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے۔ صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کر کے سیریز کے حوالے سے بات ہو گی۔ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں۔ 15 مئی کو پی سی بی سے تفصیلی بات چیت ہو گی۔ ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو گا۔ انگلینڈ کے جوابی دورے کے حوالے سے یہ مناسب وقت نہیں ہے۔ پی سی بی کی اگلے مالی سال کے لئے پوزیشن مستحکم ہے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہو گا جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر بات ہو گی۔ سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا۔
وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لئے حکمت عملی بنانے کا آغاز کر دیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے بجٹ بنا لیا ہے، سپانسرز کے لئے کوشاں ہیں۔ مزید ایک سال کے لئے ہم ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کر سکتے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث سپانسرز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

