ورلڈ کپ اسکواڈ کے کچھ کھلاڑی نیشنل T20 میں تنقید کا شکار

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل بعض قومی کرکٹرز کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی متاثر کن نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے، کرکٹ کے حلقوں میں ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے ۔

نیوزی لینڈ کا دورہ ختم ہونے کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ورلڈ کپ اسکواڈ کے ارکان کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا تاکہ میگا ایونٹ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری کی جا سکے، 15 رکنی اسکواڈ میں شامل آصف علی، اعظم خان، خوشدل شاہ اور صہیب مقصود کے ناموں پر پہلے ہی بحث جاری تھی اور جب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں یہ کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی نہ دکھا سکے تو انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان وکٹوں کے پیچھے متاثر نہیں کر سکے تو بیٹنگ میں اپنی شہرت کے مطابق لمبی اننگز نہیں کھیل سکے، سدرن پنجاب کی جانب سے 20، 14 اور ایک رنز بنائے ہیں ، آصف علی نے 43 ناٹ آؤٹ اور 10 رنز کی اننگز کھیلی ہیں ، خوشدل شاہ نے 21 ، 24 اور 6 جبکہ صہیب مقصود نے 18، 0 اور 24 رنز کی تین اننگز کھیلی ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکواڈ میں تبدیلی کا وقت 16 اکتوبر تک ہے ، اس لیے اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی میں آئندہ میچز میں غیر معمولی تسلسل نہ آیا تو اسکواڈ میں ایک سے زائد تبدیلیاں متوقع ہیں ، اوپنر فخر زمان کو جو ٹریول ریزو میں شامل ہیں انہیں پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے ۔

اسی طرح ٹریول ریزور میں شامل شاہنواز دھانی کا کیس بھی بہت مضبوط ہوتا جا رہا ہے لیکن اصل درد سر اسکواڈ میں شامل مڈل آرڈر بیٹسمینوں کا تسلسل کے ساتھ نہ کھیلنا بنا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں