0

خیبر پختونخوا اسمبلی: پولیس (ترمیمی) ایکٹ 2024 پاس، تمام اختیارات وزیراعلی کے سپرد

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولیس (ترمیمی) ایکٹ 2024 پاس کرلیا گیا ہے جبکہ جاری اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس (ترمیمی) ایکٹ 2024 میں پولیس ایکٹ 2017 میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کی طرف سے قانون و امن کے معاملات میں دی گئی ہدایات پر فوری عملدرآمد کو لازم قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں‌ صوبائی عوامی تحفظ کمیشن کے دو ارکان کو اجلاسوں میں مبصر کے طور پر شرکت کی اجازت دی گئی ہے جبکہ صوبے میں پولیس کی انتظامیہ صوبائی پولیس افسر کے ماتحت ہوگی، تاہم یہ انتظام وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کی پالیسی، نگرانی، اور رہنمائی کے تابع ہوگی۔

پولیس (ترمیمی) ایکٹ 2024 میں پولیس ایکٹ 2017 میں کئی اہم تبدیلیوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے افسران کی تقرری اور تبادلوں کے لیے وزیراعلیٰ کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ دفعہ 21، 24، اور 37 کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

لہذا اس ترمیم میں تبدیلی کے بعد پولیس کے تمام قوانین اب حکومتی منظوری کے تابع ہوں گے اور صوبائی عوامی تحفظ کمیشن کے ارکان کی تعداد 13 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی ہے، جس میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کے علاوہ اقلیتی نمائندے اور سول سوسائٹی کے ارکان شامل ہوں گے۔

*

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں