اجلاس کے موقع پر پریس گیلری سے موبائل فوٹیج/ وڈیو بنانے پر پابندی
سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر قومی اسمبلی کےآج کے اجلاس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سیکیورٹی کے پیش نظر قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، صرف میڈیا کے ان نمائندوں کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہو گی جن کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب جاری کردہ فل سیشن پریس گیلری کارڈ موجود ہونگے.
جبکہ ترجمان نے مزید بتایا کہ ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری کرنے پر سختی کی گی ہے، اور آج کے اجلاس کے لیے ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے، جبکہ پارلیمنٹ کے 1 نمبر گیٹ پر کوریج کرنے والے کیمرہ مینوں کی انٹری مرتب کردہ لسٹ کے ذریعے ہو گی.
واضح رہے کہ سیکیورٹی وجوہات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام صحافی حضرات سے گزارش کی گئی ہے کہ اپنا پریس گیلری کارڈ ہمراہ رکھیں، یاد رہے کہ گزشتہ رات قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز اتوار مورخہ 20 اکتوبر، 2024 دن 11:30 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا تاہم بعدازاں وقت تبدیل کیا گیا اور ترجمان نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا آج 20 اکتوبر بروز اتوار کو ہونے والا اجلاس صبح 11:30 بجے کے بجائے سہ پہر 3:00 بجے منعقد ہوگا.
ان کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی اسپیکر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 49 کی ذیلی شق 2(بی) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کی. جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رولنگ کی روشنی میں پریس گیلری میں فوٹیج/موبائل وڈیو بنانے پر بھی پابندی ہے اور جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام پارلیمانی رپورٹرز سے درخواست ہے کہ آج اجلاس کے موقع پر پریس گیلری سے موبائل فوٹیج/ وڈیو بنانے سے گریز کریں قومی اسمبلی کے سیکیورٹی اہل کار بھی پریسں گیلری میں موجود ہونگے اگر کوئی وڈیو بنائے گا تو اس کا موبائل ضبط کرلیا جائے گا براہ مہربانی تمام پارلیمانی رپورٹرز پہلے کی طرح تعاون کریں قومی اسمبلی میڈیا ڈائریکٹوریٹ آپ سب کا مشکور ہوگا