بلوچستان اسمبلی ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے کہا کہ میں آئین کی 26 ویں ترمیم کی منظوری پر چیئرمین بلاول بھٹّو زرداری ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ یہ تاریخی کامیابی جمہوریت کو مضبوط بنانے اور ہمارے شہریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا اس اہم آئینی اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے میں بلاول بھٹّو زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی انتھک کوششوں نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ سماجی انصاف ، مساوات اور انسانی حقوق کے اصولوں کے لیے ان کی لگن واقعی قابل ستائش ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن کی حیثیت سے مجھے اس سفر کا حصہ بننے پر فخر ہے ۔ 26 ویں ترمیم ایک زیادہ منصفانہ اور مساوی معاشرے کی ہماری جستجو میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔
غزالہ گولہ نے کہا میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں کو سراتی ہوں جنہوں نے اس ترمیم کو حقیقت بنانے کے لیے انتھک محنت کی ۔ یہ کامیابی پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ایم پیش رفت ہے اور اس قابل ذکر کامیابی پر ایک بار پھر چیئرمین بلاول بھٹّو زرداری ، پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں.
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مسرت اور تمام اتحادی پارٹیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس ترمیم کی منظوری جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی نمائندوں کے حق کی بحالی کی علامت ہے.
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کی کامیابی میں بلاول بھٹو زرداری کی دوراندیش قیادت اور جمہوری اصولوں کی پاسداری کا اہم کردار ہے. اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے اور قومی مفاد کو ترجیح دینے میں اہم کردار ادا کیا.