پاکستان آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام پورا کرے گا: وزیراعظم

اسلام آباد:: وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام پورا کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف ریویو کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعظم نے ڈالر ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فرق کم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں معاشی ٹیم سے برآمد کنندگان کو بھرپور سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں جب کہ آئی ٹی برآمدات کا حجم بڑھانے کا بھی کہا۔

وزیر اعظم نے معاشی ٹیم سے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ بینکنگ چینلز سے رقوم پاکستان بھجوائیں۔

اجلاس میں معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک ڈیفالٹ نہیں کررہا، ڈیفالٹ کرنے کی افواہیں گم راہ کن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں