راجو شری واستو کی کامیابی میں امیتابھ بچن کا بھی حصہ رہا

بھارتی کامیڈین راجو شری واستو کی ابتدائی کامیابی میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کا بھی حصہ رہا۔

بھارتی میڈیا کےمطابق 1975ء میں جب امیتابھ بچن کی فلم ’دیوار‘ ریلیز ہوئی تو اس وقت راجو شری واستو اسکول میں تعلیم حاصل کررہے تھے۔ اس فلم میں امیتابھ بچن کی اداکاری سے متاثر ہو کر انہوں نے اپنے گھر میں اداکار کے کئی پوسٹرز لگا لئے۔

ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران راجو شری واستو نے بتایا تھا کہ وہ امیتابھ بچن سے اس قدر متاثر تھے کہ انہی کی نقل کرتے اور بالوں کا اسٹائل بھی امیتابھ بچن کی طرح ہی بناتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا کرنے پر لوگ ’بگ بی‘ کہنے لگے تھے اور لوگ مجھے تقریبات پر اپنے گھر بھی پرفارم کرنے کے لئے بلاتے تھے۔

انٹرویو میں انہوں نے اپنے ماضی سے متعلق بتایا تھا کہ کامیڈی کرنے کی وجہ سے گھر سے زیادہ سپورٹ نہیں ملی، میرے رشتے دار کامیڈی کرنے پر والدین سے میری شکایت لگاتے تھے۔ انہیں لگتا تھا کہ اس سے خاندان کی بدنامی ہوگی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھارتی کامیڈین کے انتقال کے بعد لوگ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مشہور ویڈیوز شیئر کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح راجو شری واستو 58 سال کی عمر میں بھارت میں انتقال کرگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں