عمران خان کبھی بلیک میل نہیں ہوں گے ، فواد چوہدری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے کبھی بلیک میل ہوئے نہ آئندہ ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس اسپیکر نے بلانا ہے، خواہش ہے اجلاس جلد بلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرکے سوئے شیروں کوجگا دیا، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد نہ لاتے تو ہم ایسے ہی سوئے رہتے، ہمارے3ارکان کو16 سے 20 کروڑکی آفرہوئی، سیاست ،حکومت اور مستقبل ہمارے پاس ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ 3 جوکرز کا جاری کھیل آخری ثابت ہوگا، پی ٹی آئی میں کوئی منحرف نہیں، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں، عمران خان چوہدری شجاعت کو اپنے بھائی کی طرح سمجھتے ہیں۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیرداخلہ شیخ رشید ہمارے اتحادی ہیں انہوں نے اپنا موقف واضح کردیا، ایم کیوایم،ق لیگ ودیگرجماعتیں ہمارے ساتھ ہی ہیں، تینوں جماعتوں کوچیلنج کرتا ہوں، عمران خان کے مقابلے کا جلسہ کرکے دکھا دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کبھی بلیک میل ہوئے نہ آئندہ ہوں گے، ہم تمام تر قوت کے ساتھ عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں، عمران خان کے پاس جو فارمولا ہے اپوزیشن ہاتھ ملتی رہ جائیگی۔فواد چوہدری نے کہا کہ تاش کے تمام پتے ہمارے پاس ہیں، پتا ہے کونسا پتا کب کھولنا ہے، کورکمیٹی نے قومی اسمبلی اجلاس جلد بلانے کی تجویز دی، پی ٹی آئی نے ہمیشہ کامیاب جلسے کیے، کورکمیٹی اجلاس میں وزیراعظم پراعتمادی کا اظہار کیا گیا۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ کورکمیٹی نے اپوزیشن کی جانب سے لوگوں کوخریدنے اور پیشکش کرنے کی مذمت کی، کورکمیٹی اجلاس ہوا،ہم نے اپنی سیاسی حکمت عملی پرغورکیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں