ویمن پولیس اسٹیشن سوات، خواتین شکایات لے کر پہنچنے لگیں

خیبر پختون خوا کی پر فضا وادیٔ سوات میں قائم کیئے گئے ویمن پولیس اسٹیشن پر سوات کی خواتین اپنی شکایات لے کر پہنچنے لگیں۔

سوات کی خواتین کا ایک اور مسئلہ حل کر دیا گیا، سوات کے علاقے رحیم آباد میں خواتین کا پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا۔

پاکستان کی خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں، سوات میں ناصرف بڑی تعداد میں خواتین پولیس فورس کا حصہ ہیں بلکہ اب خواتین کا الگ پولیس اسٹیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

خواتین کے پولیس اسٹیشن میں علاقے کی خواتین شکایات اور مسائل خواتین پولیس کے سامنے باآسانی اور بلا جھجھک بیان کر رہی ہیں۔

اس پولیس اسٹیشن میں تعینات خواتین اہلکار تفتیش اور ایف آئی آر کے اندراج سمیت چھاپے بھی مار رہی ہیں۔

پولیس اسٹیشن میں ابتدائی طور پر 20 خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، جو کہ قانون کی عمل داری اور خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔

سوات میں ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام سے ان خواتین کو فائدہ پہنچے گا، جن کو مردوں کے پولیس اسٹیشن میں جانے میں دشواری تھی یا ایسی بھی خواتین تھیں جن کے لیے مردوں کے پولیس اسٹیشن میں جانا ناممکن تھا۔

خواتین پولیس اہلکار کہتی ہیں کہ محکمۂ پولیس خواتین کے لیے ایک باعزت پیشہ فراہم کر رہا ہے، جہاں محنت اور لگن سے کام کیا جائے تو ملک و قوم کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں