فی تولہ سونا مزید سستا، دو روز کے دوران قدر 2200 روپے گر گئی

لاہور:: ملک بھر میں سونےکی قیمت تیزی سے نیچے آنے لگی، فی تولہ سونا مزید 700 روپے سستا ہو گیا جبکہ دو روز کے دوران قیمت میں 2200 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں دو امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1861 ڈالر سے کم ہو کر 1859 ڈالر ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا مہنگا ہونے کے برعکس ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کی کمی دیکھی گئی اور مارکیٹوں میں نئی قیمت 1 لاکھ 11 ہزار 800 روپے سے نیچے آ گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کی کمی دیکھی گئی تھی اور قیمت 1 لاکھ 12 ہزار 500 روپے ہو گئی تھی۔

رواں ہفتے کے پانچویں کاروباری روز کے دوران دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 601 روپے کی تنزلی دیکھی گئی اور دس گرام سونا 95 ہزار 850 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔

اُدھر فی تولہ اور چاندی کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ اور قیمتیں بالترتیب 1150 روپے اور 985.94 روپے کی سطح پر برقرار ہیں۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 105.14 پوائنٹس کی مندی کے بعد 41701.23 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.25 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی اور 31 کروڑ 42 لاکھ 70 ہزار 954 شیئرز کا لین دین ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں