لاہور:: بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے اعلان کردہ 15 رکنی قومی سکواڈ میں صرف 5 کھلاڑی سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے 15 رکنی ٹی 20 ٹیم کا اعلان کیا جس میں سے صرف بابر اعظم، عماد وسیم، محمد رضوان، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہیں جبکہ 10 کھلاڑی شعیب ملک، محمد حفیظ، احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، خوشدل شاہ، افتخار احمد، عثمان قادر اور محمد موسیٰ اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں سے صرف 5 کا انتخاب کرنے پر کرکٹ حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ دیتا ہے لیکن ٹیم کے انتخاب کے وقت اس فہرست میں شامل کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے، یہ بات سمجھ سے باہر ہے اور ایسا ہونا بھی نہیں چاہئے۔