لاہور:: بھارتی پنجابی فلموں کے اداکار گپی گریوال نے پاکستان آمد کے موقع پر پاکستانیوں کی جانب سے بھرپور مہمان نوازی اور محبت ملنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
بھارتی پنجابی گلوکار، اداکار و پروڈیوسر گپی گریوال اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نجی دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستانی فلمیں بہت پسند ہیں اور ‘‘پنجاب نہیں جاؤں گی’’ ان کی پسندیدہ فلم ہے۔ فلم میں انہیں مہوش حیات کا کام بھی بے حد پسند آیا تھا اور مہوش حیات کے ساتھ فلم میں کام کرنا چاہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہوش حیات سے ملنے کی خواہش لیکر آیا ہوں، راحت فتح علی خان پسندیدہ گلوکار ہیں۔
گپی گریوال نے گزشتہ روز فیصل آباد میں اپنے والدین کے آبائی گاؤں چک نمبر 47 منصوراں کا دورہ کیا، آبائی گھر میں جا کر اس کی دیواروں کو چوما اور والد کے قریبی دوست سے ملے، پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں آکر پردیس کا کوئی احساس نہیں ہوا۔