کراچی:: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا ائرس کے خدشات کے باعث 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس دوران انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر شہر قائد کی 11 یونین کونسلز کو سیل کا حکم دیا ہے، سیل ہونے والی یوسیز کا تعلق ضلع ایسٹ سے ہے جنہیں مکمل سیل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ حامد الرحمان نے 11 یوسیز کو سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، رینجرز اور پولیس کی نفری نے علاقوں کو سیل کر دیا ہے، 11 یوسیز میں جانے کی اجازت ہوگی نہ باہر آنے کی اجازت ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ یوسی 6 گیلانی ریلوے، یوسی 7 ڈالمیا، یوسی 8 جمال کالونی کو سیل کردیا جائے، ڈی سی ایسٹ یوسی 9گلشن 2، یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، ڈی سی ایسٹ یوسی 13 صفورہ، یوسی فیصل کینٹ، یوسی 2 منظور کالونی کو مکمل بند کردیا جائے۔
حامد الرحمان کا کہنا تھا کہ یوسی 9 جیکب لائن اور یوسی 10 جمشید کواٹر بھی مکمل بند رہیں گے۔
دوسری طرف پولیس متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہے اور اعلانات شروع کر دیئے گئے ہیں، جس میں کہا جا رہا ہے کہ شہری گھروں میں رہیں، پولیس سے تعاون کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ یوسیز کے داخلی وخارجی راستوں کو سیل کریں گے، متاثرہ علاقوں میں دکانیں نہیں کھولی جائینگی۔فلاحی اداروں سے رابطہ کر کے راشن گھر گھر پہنچائیں گے، متاثرہ علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی تعیناتی 24 گھنٹے ہوگی، پولیس کے اعلی افسران سیل اور تعیناتی کی مکمل نگرانی کریں گے۔
اس سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیسز آئے ہیں جومجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں، یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 اموات ہوئیں جوکہ زیادہ ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہورہی ہے جس کی وجہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل نہیں ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن پر جب تک سختی سے عمل ہو رہا تھا تو صورتحال بہتر تھی، ملیر میں لاک ڈاؤن کافی کمزور تھا جس کو میں نے آج مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ حیدرآباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سخت کیا جارہاہے۔

