لاہور:: پاکستان میں دن بدن کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اب تک پورے ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2899 ہو چکی ہے۔
صوبہ پنجاب وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 1163 کنفرم مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو سندھ 881، خیبر پختونخوا 372، گلگت بلتستان 206، بلوچستان 185، اسلام آباد 78 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 مریض کورونا میں مبتلا ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 19 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اب تک اس وبا سے اموات کی تعداد 45 ہو چکی ہے۔ 18 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 170 مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔
صوبہ پنجاب کی صورتحال
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 1196 کنفرم مریض ہیں۔ 537 عام شہریوں، 312 زائرین سنٹرز، 347 رائے ونڈ سے منسلک افراد اور 3 قیدیوں میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ڈی جی خان 213، ملتان 91، فیصل آباد 5، رائے ونڈ مرکز 303، منڈی بہاء الدین 3، سرگودھا 13، وہاڑی 13، راولپنڈی 6، ننکانہ 2، گجرات 5 اور رحیم یار خان کے دو شہریوں میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔
رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کرنے والے 10263 تبلیغی ارکان کو قرنطینہ سینٹرز میں رکھا گیا ہے۔ صوبہ بھر کے 33 اضلاع میں تبلیغی ارکان کے لیے یہ سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
پنجاب کے 26 اضلاع سے کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ لاہور میں کورونا وائرس کے 220 کنفرم مریض ہیں۔ تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔ مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔
عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آئے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں۔ متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
بلوچستان کی صورتحال، مریض 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق
بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 189 ہو گئی ہے۔ 43 ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوئے جن میں 3 مثبت اور 40 کے نتائج منفی آئے۔
ترجمان بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں اب تک 32 مریض مکمل صحتیابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیے گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے ملتان میں مریض جاں بحق، تغلق ٹاؤن کا علاقے سیل
ملتان میں کورونا وائرس سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے پر تغلق ٹاؤن کے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق شخص کے رشتے دار میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ علاقے کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے سیل کیا۔ علاقے میں سپرے کیساتھ ساتھ تمام افراد کی سکریننگ بھی کی جائے گی۔
صوبہ سندھ میں 123 افراد صحتیاب، 743 مہلک وائرس میں مبتلا
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک 123 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 743 افراد مہلک وائرس کے مرض میں مبتلا ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ 380 افراد گھروں میں آئسولیشن، 224 حکومتی آئسولیشن سینٹر میں زیر علاج جبکہ 139 افراد مختلف ہسپتالوں میں کورونا سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے اب تک 15 افراد انتقال کر چکے ہیں۔ صوبے بھر میں 123 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ عوام سے التجا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں، اس مرض کا علاج صرف سماجی دوری ہے۔

