اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا جہاد ہے، دنیا کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہو نہ ہوہم ان کے ساتھ ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبالی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ کشمیریوں کا کیس یو این میں پیش کرنےکیلیےآپ کی دعاؤ ں کا شکریہ، خاص طور پر بشریٰ بیگم کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بہت دعائیں کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے، کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا جہاد ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ ہم سے اللہ راضی ہوجائے، جب تک آپ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں وہ جدوجہد جاری رکھیں گے، جدوجہد میں اچھے برے وقت آتے ہیں ہم نے مایوس نہیں ہونا، کشمیر کے لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیر کے عوام پاکستانی عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں اب برے وقت میں آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ بھارت کی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی مودی سرکار کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کروں گا۔
0