بیجنگ:: کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہے، چین سے باہر بھی ایک ہلاکت ہو گئی۔ فلپائن کے حکام نے خطرناک وائرس سے مرنے والے کی تصدیق کر دی، متعدد ممالک نے چین سے آنے والوں پر پابندی عائد کر دی۔ وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 304 تک پہنچ گئی، 15 ہزار سے زائد افراد متاثرہ ہیں۔
کرونا وائرس تیزی سے زندگیاں نگلنے لگا، دوسرے ملکوں میں بھی پنجے گاڑ لئے، چین سے باہر بھی ایک ہلاکت ہو گئی۔ فلپائن کے حکام نے خطرناک وائرس سے مرنے والے کی تصدیق کر دی، یہ شخص چینی شہر ووہان سے واپس آیا تھا۔
چین میں سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ ہبئی میں ہوئیں۔ جان لیوا وائرس سے اب تک دنیا کے 24 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔ آسٹریلیا، امریکا، جاپان، روس اور اٹلی نے چین سے آنے والوں پر پابندی لگا دی۔
امریکا اور آسٹریلیا کا کہنا ہے ایسے تمام غیر ملکی جو حالیہ دنوں میں چین کا وزٹ کر چکے ہیں، ان پر بھی ملک میں آنے پر پابندی ہو گی۔ کرونا وائرس کی وبا دسمبر میں چینی شہر ووہان سے شروع ہوئی جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔